لاہور(یو این پی)مانچسٹر میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا امریکی گلوکارہ آریانہ گرانڈے کے کنسرٹ کے ختم ہونے کے کچھ دیر بعد ہوا اور یہ 2005 میں لندن انڈر گراؤنڈ میں ہونے والے دھماکوں کے بعد سب سے بدترین حملہ ہے۔ یکم جون سے برطانیہ میں چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز ہو گا جہاں اوول، کارڈف اور ایجبسٹن 18 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ 24 جون سے تین شہروں میں ویمنز ورلڈ کپ کا آغاز ہو گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہمیں ان دھماکوں میں ہونے والے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور انگلش کرکٹ بورڈ دونوں ٹورنامنٹس کے دوران کھلاڑیوں کی حفاظت اور بہترین سیکیورٹی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم ٹورنامنٹ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ، انگلش کرکٹ بورڈ اور دئگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مکمل حفاظت فراہم کرتے ہوئے سخت ترین سیکیورٹی پلان یقینی بنائیں گے۔