لاہور(یوا ین پی ) محکمہ تعلیم سکولز میں اساتذہ کے تقرروتبادلوں پرپابندی برقرار،ہزاروں اساتذہ پریشان ہو گئے، شمالی پنجاب اورجنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے دوردرازاضلاع سے آنیوالے مردوخواتین اساتذہ دفاتر میں بغیر سنوائی گھروں کو واپس جانے پرمجبورہیں،ذرائع کے مطابق ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال محکمہ تعلیم نے اساتذہ کے تبادلوں پرپابندی اٹھانے کے حوالے سے کسی قسم کاکوئی بھی فیصلہ نہیں کیاہے،ذرائع نے مزید بتایاہے کہ شمالی پنجاب اورجنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے دوردرازاضلاع سے آنیوالے سینکڑوں مردوخواتین اساتذہ اکرام متعلقہ اداروں کے سربراہان اورحکام کے دفاتر میں خوار ہوکر بغیر سنوائی گھروں کو واپس جانے پرمجبورہوگئے ہیں ،ذرائع نے یہ بھی بتایاہے کہ ایک طرف اعلیٰ حکام کے آرڈرزپرتقرروتبادلوں کا سلسلہ جاری ہے تودوسری جانب عام پبلک اورغریب مردوخواتین اساتذہ کوسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کہاجاتاہے کہ ابھی ٹرانسفرپالیسی ہی نہیں بنی ہے، ٹرانسفر پالیسی بننے کے بعدتقرروتبادلوں کا سلسلہ شروع ہوگا، ادھر صوبے بھر کی اساتذہ کمیونٹی کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے عہدیداروں نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ کے تقرر و تبادلوں پر پابندی اٹھانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم جاری کریں، یاد رہے کہ صوبہ بھر میں محکمہ سکول ایجوکیشن کی طرف سے اساتذہ کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد ہے،اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے یوا ین پی کو بتایا کہ اساتذہ کے تقرر وتبادلوں کے حوالے سے ابھی کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے جونہی کوئی احکامات جاری ہوئے ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی ہٹا دی جائیگی ۔