پشاور ایکسپوسنٹر کا قیام ایک اہم سنگ میل ،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف بتدریج راغب ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

Published on May 27, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 584)      No Comments

  پشاور(یوا ین پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں نجی شعبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ معاشی نظام میں توازن قائم کیا جاسکے ،خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ صوبائی حکومت نے صوبے کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین بنانے کیلئے گزشتہ چار سالوں میں بھر پور جدوجہد کی ہے ۔ اس مقصد کیلئے امن و امان کی بحالی ، نظام حکومت کی بہتری اور شفافیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی گئی ، اب ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف بتدریج راغب ہو رہے ہیں۔ چین میں حالیہ انوسٹمنٹ روڈ شو کے دوران 83 منصوبوں پر ایم او یو ہوئے جن پر عمل درآمد سے تقریباً24 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ہوگی ۔ایکسپو سنٹر پشاور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا،لاکھوں افغان مہاجرین اور پھر قبائلی آئی ڈی پیز کے طویل قیام کی وجہ سے بھی یہاں کا انفراسٹرکچر اور عام لوگ انتہائی متاثر اور ہماری معیشت پر کافی برے اثرات مرتب ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن میں قیمتی معدنیات ،تیل ، گیس ، پن بجلی ، آبی ذخائر اور سیاحت قابل ذکر ہیں جن کو قومی مفاد میں استعمال میں لانے کیلئے مناسب طریقے سے مارکیٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُن کی حکومت کے اقدامات کی بدولت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف بتدریج راغب ہو رہے ہیں ۔ جن میں چین کے علاوہ کینیڈا ، ہنگری ، ملائیشیا ، اٹلی ، کوریا ، سری لنکا اورمتحدہ عرب امارات سمیت عرب ممالک قابل ذکر ہیں ، ایکسپو سنٹر کے قیام سے ہمارے صوبے کی معاشی اور تجارتی استعدادکو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک پلیٹ فارم سے شو کیس کرنے کا موقع ملے گا جو کہ یقینی طور پر ملکی مفاد کے لئے بالعموم اور صوبے کی صنعتی و تجارتی ترقی کے لئے بالخصوص بہت سود مند ثابت ہو گا ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد سے تقریباً 24 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ہو گی جس سے صوبے کی پسماندگی میں بہت حد تک کمی ہو گی اور روزگار کے کئی نئے مواقع میسر ہوں گے ۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes