اسلام آباد(یوا ین پی) برطانیہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ صبح ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس پینے سے معدہ کی تزابیت،پٹھوں کے درد اور شوگر(ذیابیطس) سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کے شعبہ صحت کے ماہرین کی تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اچھی صحت کے لیے لیموں کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ ان کا کہنا ہے کہ لیموں کے رس میں وٹامن بی، وٹامن سی، پوٹاشیم اور کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ صحت بخش روغنیات بھی شامل ہوتے ہیں جس کے باعث لیموں کا رس ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر روزانہ نہار منہ پینے معدے کی جلن یا تیزابیت ختم کرنے میں لیموں کا رس اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے ۔مختلف کام یا ورزش کے بعد پٹھوں میں درد معمول کی بات ہے تاہم نہار منہ نیم گرم لیموں پانی پینے سے یہ درد بھی ختم ہوجاتا ہے جبکہ لیموں پانی پیتے رہیں تو مثانے کی تکلیف ختم کرنے کے ساتھ رس میں شامل پوٹاشیم گردے کی پتھری بننے سے بھی روکتا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں پانی میں شامل معدنیات ہڈیوں میں مضبوطی کے ساتھ ساتھ جوڑوں پر حرکت میں سہولت پیدا کرتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق دوسرے رس دار پھلوں کی طرح لیموں میں بھی ’’پیکٹن‘‘ نامی ایک مادّہ پایا جاتا ہے جو جسم میں چکنائی جمع ہونے نہیں دیتا بلکہ خون میں شکر کی مقدار بھی کنٹرول کرتا ہے ۔