اسلام آباد(یو این پی) ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اسلام آباد اور گوجرانوالہ میں فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے منگل کے روز راولپنڈی‘ اسلام آباد ‘ گوجرانوالہ، جہلم‘ گجرات اور ملحقہ علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی بارش اور شدید آندھی کے باعث اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ اور راول ٹاؤن فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث مارگلہ ٹاؤن‘ راول ٹاؤن‘ چک شہزاد‘ بنی گالہ اور ترامڑی کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ادھر گوجرانوالہ میں آندھی کے باعث 30 فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی علاقوں میں اندھیرا چھا گیا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد راولپنڈی‘ بالائی کشمیر‘ ہزارہ‘ مالاکنڈ اور گرد نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں موسم بتدریج خشک اور گرم رہے گا تاہم پہلے عشرے کے دوران 2 سے 3 بار ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ جبکہ 15 ویں رمضان کے بعد مون سون کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں بارشوں کا طویل سلسلہ شروع ہو جائے گا جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی رونما ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتہ میں ملک میں موسم مون سون کا آغاز ہو جائے گا۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق منگل کی شام افطاری کے اوقات میں آنے والے طوفان کے سبب راولپنڈی‘ اسلام آباد اور جہلم کے فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے بعد وقتی طور پر بجلی کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا‘ تاہم فیلڈ پر موجود سٹاف کی طرف سے طوفان جھڑتے ہی سپلائی بحال کر دی گئی۔ رات گئے تک معطل شدہ 95 فیصد فیڈر بحال کر دیئے گئے جبکہ بقیہ پر بھی کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طوفان کی صورت میں آئیسکو سٹاف کو فوری طور پر زیادہ طوفان والے علاقوں کے فیڈرز کو بند کرنے کی ہدایات موجود ہیں تاکہ تاروں کے ٹکرانے سے کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ منگل کی شام افطاری کے اوقات میں بجلی کی بندش کسی بڑے نقصان سے بچنے کی کوشش تھی جس سے تھوڑی دیر بعد بحال کر دیا گیا۔