جدہ (یوا ین پی)سعودی عرب نے قطر ائرویز کا آپریٹنگ لائسنس منسوخ کرتے ہوئے کمپنی کے تمام دفاتر کو 48 گھنٹوں کے اندراندر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔سرکاری نیوز ایجنسی سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے قطر ائرویز کو دیا گیا لائسنس معطل کرنے اور سعودی عرب میں موجود اس کے تمام دفاتر کو اگلے 48 گھنٹوں کے اندر اندربند کروانے کا فیصلہ کیا ہے’۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام دیتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ قطر سے ملحق سرحد کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہیجس سے قطر کو غذائی اجناس کی ترسیل رک گئی جبکہ سعودی عرب کے برآمدات میں بھی کمی آئے گی۔پیر کے روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، بحرین، یمن اور مالدیپ کی جانب سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی قطری حصص کی قیمتوں میں 7.58 فی صد کمی آگئی تھی۔واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر جانے اور قطر سےآنے والی تمام پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کے نو شہروں میں مسافروں کو لے جانے والی قطر ائرویز نے سفارتی بائیکاٹ کے باعث سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔قطر مخالف عرب ممالک نے قطری شہریوں کو 14 دن کے اندر ملک چھوڑنے اور ان کے شہریوں کو امارات میں سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔دوسری جانب قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر ہمسایہ ممالک کے خلاف ردعمل کے طور پر کچھ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا ہیجبکہ کویت کے امیر نے معاملے کے حل کی پیش کش کی ہے