بوریوالہ(یو این پی) درزی خانوں میں ملبوسات کی سلائی کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے اور دھاگے، نلکی بٹن کے ساتھ ساتھ کاج بٹن، رفو اور پیکو کا کام بھی تیز ہو گیا ہے۔ ضلع وہاڑی میں عید الفطر کے موقع پر نئے کپڑے پہننے کی روایت انتہائی دلکش ہے، مرد اور خواتین ان مواقع پر نئے کپڑے خریدتے اور سلاتے ہیں جس کے باعث درزی خانوں میں عام دنوں کی نسبت کام کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور درزی خانوں پر کام بڑھنے سے کاج، بٹن، رفو، کڑھائی، پیکو اوورلاک مشینوں پر بھی کام بڑھ گیاہے جبکہ دھاگے نلکی بٹن، کالر، بکرم اور ان سلے ملبوسات کی خرید و فروخت کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، درزی خانوں پر عمومی طور پر ماہ رمضان میں کپڑوں کی بکنگ تیسرے عشرے تک جاری رہتی ہے اور درزی خانوں میں دن رات کام رہتا ہے،یو ا ین پی کے مطابق درزی خانوں کے مالکان نے اضافی مشینیں اور اضافی کاریگرز بھی بٹھائے ہیں جہاں پر کاریگر4سے 5مردانہ سوٹ سیتا ہے۔