نیویارک (یو این پی) ایپل کے صارفین کو نئی ماڈل آئی فون 7ایس پلس کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے جسے کمپنی کی طرف سے ستمبر میں متعارف کروائے جانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اب ایپل کی پارٹنر کمپنی وسٹران نے اس نئے ماڈل کی معلومات افشاءکر دی ہیں جن کے متعلق جان کر آپ کا دل چاہے گا کہ اسے فوراً خرید لیں۔ یو این پی کی رپورٹ کے مطابق وسٹران کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رابرٹ ہوانگ نے بتایا ہے کہ ”آئی فون 7ایس پلس واٹرپروف ہو گا اور وائرلیس چارجنگ کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔“یو این پی سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ ہوانگ کا کہنا تھا کہ ”تار کے بغیر چارج ہونے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ اس ماڈل میں پانی کے خلاف مزاحمت کو بھی دیگرمارکیٹ میں موجود آئی فون ماڈلز کی نسبت بہت زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔“ ایپل کی طرف سے وائی فائی کے ذریعے موبائل فون چارج کرنے کی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی خبر آ رہی تھی اور کمپنی نے رواں سال اپریل میں اس ٹیکنالوجی کی سند حقِ ایجاد بھی حاصل کرنے کی درخواست بھی دی تھی۔ چنانچہ ممکنہ طور پر اس ماڈل میں اسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ایپل رواں سال ستمبر میں اپنے تین آئی فون ماڈل متعارف کروانے جا رہی ہے۔ ان میں ایک آئی فون 8ہے جو ایک نئے ڈیزائن اور خم دار او ایل ای ڈی سکرین کے ساتھ متعارف کروایا جا رہا ہے۔