اسلام آباد:(یو این پی) پانامہ کیس کی تحقیقات‘ سپریم کورٹ سے مزید وقت نہ ملنے پر جے آئی ٹی نے عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 7 جولائی تک یہ صرف تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عید پر بھی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب تحقیقات ٹیم سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سات جولائی سے قبل اپنا کام مکمل کر لے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جے آئی ٹی کو ساٹھ دن کا وقت دے رکھا ہے جو سات جولائی کو ختم ہو جائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جے آئی ٹی کو یہ بھی کہا تھا کہ آپ کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔ اسی ساٹھ دنوں کے اندر اندر تحقیقات مکمل کی جائیں اور اگر اس سلسلے میں مشکلات پیش آئیں یا کوئی ادارہ تعاون نہ کرے تو سپریم کورٹ کو اطلاع دی جائے۔ جس پر جے آئی ٹی نے مختلف اداروں کے حوالے سے سپریم کورٹ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے اداروں سے جواب بھی طلب کیا۔ تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جے آئی ٹی عید پر بھی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحقیقاتی عمل جاری رکھے گی۔