لاہور ( یو این پی) وہ پاکستانی جو اب بھی نوکیا کمپنی سے ”پیار“ کرتے ہیں اور اس کے اینڈرائڈ سمارٹ فون خریدنے کے خواہشمند ہیں تو ان کیلئے خوشخبری ہے کہ اس کمپنی کا اینڈرائڈ سمارٹ فون ”نوکیا 3“ پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا ہے جس کی قیمت 16 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔نوکیا کی جانب سے متعارف کرائے گئے 3 اینڈرائڈ سمارٹ فونز میں سے یہ درمیانی قیمت والا فون ہے جو بنیادی فیچرز سے لیس اور میٹل فریم کے ساتھ ہے اور دیکھنے میں نوکیا 5 اور نوکیا 5 جیسا ہی نظر آتا ہے مگر اس میں فنگر پرنٹ سینسر نہیں دیا گیا۔ 5 انچ کی سکرین کے حامل اس فون کا ڈسپلے ایچ ڈی یعنی 720p ہے جسے دھوپ میں باآسانی دیکھنے کے قابل بنانے کیلئے پولرائزڈ سکرین بھی استعمال کی گئی ہے۔اس میں کواڈ کور میڈیا ٹیک ایم ٹی 6737 پراسیسر نصب ہے اور 2 جی بی ریم، 16 جی بی سٹوریج دی گئی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس فون میں اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کا تازہ ترین ورژن ”نوگیٹ“ استعمال کیا گیا ہے جبکہ یہ ڈوئل سم میں بھی دستیاب ہوگا۔ اس فون کے فرنٹ اور بیک دونوں پر ہی 8 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے جن میں ایف 2.0 فوکل لینتھ دیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایل ای ڈی فلیش اور آٹو فوکس بیک کیمرے میں دیئے گئے ہیں۔اس فون میں 2650 ایم اے ایچ بیٹری ہے جو کہ عام استعمال میں ایک سے دو دن تک چل سکتی ہے۔