لندن(یواین پی)آئی سی سی بورڈ نے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کی حمایت کردی، رواں سال لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کرلیا، لندن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آئی سی سی بورڈ نے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کی حمایت کا عندیہ دے دیا، آئی سی سی کے مطابق رواں سال لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ان میچز کو عالمی کھیل درجہ حاصل ہوگا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے تفصیلات کااعلان بعد میں کیاجائےگا۔یاد رہے کہ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے اپنے لاہور کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو۔جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، جلد ہی پاکستانی شائقین اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔