پوپلزئی عزیزوں اور ساتھیوں کوخبرکئے بغیر 22 جون کو اسلام آباد سے دبئی پہنچے ،واپسی دو اگست کوہوگی،
ٹکٹ کی کاپی سوشل میڈیاپرجاری ، پوپلزئی کے بیرون ملک موجودہونے کے باعث ملک بھر میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان روشن
پشاور/دبئی (یو این پی) پاکستان میں ہر سال دو عیدیں کرانے والے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی گمشدگی کامعمہ حل ،موصوف ساتھیوں کوخبرکئے بغیر 22 جون کو اسلام آباد سے دبئی پہنچ گئے،واپسی دو اگست کوہوگی،ٹکٹ کی کاپی سوشل میڈیاپرجاری، پوپلزئی کے بیرون ملک موجودہونے کے باعث ملک بھر میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان روشن ہو گیا ۔یواین پی کے مطابق ہفتہ کوپشاورکی مسجد قاسم علی خان کے خطیب اورمقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور ان کے ساتھی مولانا خیر البشر کے اچانک لاپتہ ہونے کی افواہ پھیلی ۔ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلتے ہی سوشل میڈیا کے زریعے عوام کو مطلع کیا گیا کہ وہ دو بجے مسجد قاسم علی خان پہنچیں جس پر شہریوں کی بڑی تعداد مسجد قاسم علی خان پہنچی جہاں مفتی پوپلزئی کے عقیدت مند موجود تھے جنہوں نے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے لاپتہ ہونے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر شام تک مفتی پوپلزئی کو رہا نہ کیا گیا تو قصہ خوانی کو بند کر دیں گے۔ پوپلزئی کے ہمراہ پراسرار طور پر غائب ہونے والے مولانا خیر البشر کے بیٹے انعام اللہ خان کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد تین روز سے لاپتہ ہیں ۔مفتی پوپلزئی کے قریبی عزیز کے مطابق پچھلے تین روز سے مفتی پوپلزئی کا رابطہ اپنے گھروالوں سے نہیں ہو سکا ہے۔ مفتی پوپلزئی تین دن پہلے اسلام آباد گئے تھے راستے میں ہی ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا تاہم بعدازاں میڈیاکے تحقیق کرنے پرمعلوم ہواکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی 22جون کو بینظیر بھٹو ایئرپورٹ سے بوئنگ 777 مسافر طیارے میں صبح 9 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوئے وہ دو اگست کو وطن واپس لوٹیں گے ان کاٹکٹ بھی سوشل میڈیاپرجاری کردیاگیا ۔ ادھر مفتی پوپلزئی کے دبئی جانے کے بعد ملک بھر میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ شوال کاچانددیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس(آج)اتوارکو ہو گا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کہتے ہیں انشا اللہ اس بار عید ایک ہی دن ہو گی۔