گھوٹکی:(یوا ین پی) میرپورماتھیلو قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر الٹ گیا۔ ٹینکرخام تیل (کروڈ آئل) لے کرملتان سے کراچی جارہا تھا۔ملتان سے کراچی خام تیل لے کر جانے والا آئل ٹینکر میر پور ماتھیلو قومی شاہراہ پر الٹ گیا۔ الٹنے کے بعد ٹینکر سے تیل بہنا شروع ہو گیا۔ انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر علاقہ سیل کرتے ہوئے قومی شاہراہ بند کردی۔ واقعے کے بعد فائر ٹینڈر کو طلب کر لیا گیا جو بہہ جانے والے آئل پرپانی پھینک رہا ہےاحتیاطی تدابیر کے تحت جائےحادثہ پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور کسی کو بھی قریب نہیں آنے دیا جارہا۔ الٹنے والے ٹینکر کو کرین کی مدد سے سیدھا کرنے کے بعد قومی شاہراہ کو کلیئرکیا جائے گا۔واضح رہے کہ عید الفطر سے قبل بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر الٹ گیا تھا۔ علاقہ مکین وہاں پہنچ کر تیل جمع کررہے تھے کہ اچانک خوفناک آگ بھڑکنے سے سیکڑوں افراد زد میں آکرجھلس گئے۔ افسوسناک سانحہ میں اب تک 187 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زیر علاج ہیں۔