لاہور(یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ بجلی کے نئے منصوبوں پر حکومت شعبدہ بازی کا مظاہرہ کر رہی ہے، توانائی کے ہر منصوبہ پر ہر وزیر کا موقف الگ ہے، پورے ملک کے عوام جانتے ہیں کہ انہیں ابھی تک سستی بجلی نہیں مل سکی۔ بجلی کی پیداواری لاگت کم ہونے کے باوجود ملک بھر کے بجلی صارفین 1 روپے تا 3 روپے فی یونٹ سستی بجلی کے ریلیف سے محروم ہیں، چند ماہ قبل عوام کو 103 ارب روپے جبکہ بجلی چوری، لاسز اور وصولیوں کی مد میں 125 ارب روپے ریلیف ملنا تھا لیکن حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث تقسیم کار کمپنیاں عوام سے ہر ماہ 17 ارب روپے اضافی وصول کر رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اربوں روپے کے گردشی قرضہ کی ادائیگی کے لئے عوام کو ٹیرف میں ریلیف نہیں دینا چاہتی۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔