اسلام آباد (یواین پی) پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے ارکان قطری شہزادے کا بیان قلمبند کرنے کیلئے دوحہ پہنچ گئے۔ایم آئی کے بریگیڈیئرکامران رشید اور نیب کے عرفان نعیم منگی قطر ایئر ویز کی پرواز 615سے دوحہ پہنچے ہیںجو رات تین بجے اسلام آبادسے روانہ ہوئے تھے۔جے آئی ٹی نے پاناما کیس میں وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے منی ٹریل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پیش کردہ قطری خط کے خالق شہزادہ حما د بن جاسم کا بیان قلمبند کرنے کیلئے جے آئی ٹی کے ارکان عرفان نعیم منگی اور بریگیڈیئرکامران دوحہ پہنچ گئے ہیں جو بیان لیکر آج ہی واپس پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے ارکان شہزادے حما د بن جاسم سے بیان ریکارڈ کریں گے ۔ ان سے شریف خاندا ن کی منی ٹریل کے حوالے سے سوالات بھی کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے حسن نواز کی پیشی کے بعد حماد بن جاسم کیلئے سوالنامہ تیار کیا تھا۔خیال رہے جے آئی ٹی نے حماد بن جاسم کو اپنے 2خطوط کے حوالے سے جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے کیلئے سمن جاری کیے گئے تھے جن کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ جے آئی ٹی انکا بیان لینے کیلئے قطر آسکتی ہے ۔ حماد بن جاسم نے یہ بھی کہا تھاکہ وہ پاکستانی قوانین کے پابند نہیں اور نہ ہی جے آئی ٹی یا سپریم کورٹ کے بلانے پر پاکستان آنے کے پابند ہیں ۔ ان کے اس موقف کے بعد جے آئی ٹی ارکان نے قطر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔جے آئی ٹی نے پاناما لیکس کی حتمی تحقیقاتی رپورٹ 10جولائی کو سپریم کورٹ میں پیش کرنی ہے ، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو قطری خط کی حقیقت کا پتہ لگانے کی ہدایت کی تھی ۔