جہانیاں(یو این پی )معرکہ کارگل میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کا آج 5 جولائی کو یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایاجائے گا۔ کرنل شیر خان شہید معرکہ کارگل میں اپنی بہادری اور عسکری ذہانت سے بھارت کیلئے لوہے کا چنا ثابت ہوئے تھے۔ کرنل شیرخان صوابی کے گاؤں نواں کلی میں پیدا ہوئے ٗ انہوں نے 1994ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔کرنل شیر خان شہید نے معرکہ کارگل میں 17ہزار کلو میٹر کی بلندی پر گلتری کے مقام پر 5حفاظتی چوکیاں قائم کیں۔ بھارتی فوج نے کئی بار ان چوکیوں پر قبضہ کرنے کیلئے حملہ کیا لیکن ہر بار کرنل شیر خان نے اپنے جوانوں کے ساتھ ان کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔آخر کار بھارتی فوج نے کرنل شیر خان کی چوکی پر قبضہ کرنے کیلئے 2بٹالین فوج کے ساتھ حملہ کیا لیکن کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے بہادری سے اپنے 21جانبازوں کے ساتھ مقابلہ کیا اور جوانمردی سے اپنی جان جان آفرین کے سپرد کر دی ٗ ان کی شجاعت کا اعتراف بھارتی فوج نے بھی کیا ۔حکومت پاکستان نے ان کی بہادری کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔