کھٹمنڈو (یو این پی) کرکٹ کے بعد بیڈمنٹن میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت کو زیر کر کے انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے بعد بیڈمنٹن پلیئرز نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقدہ انا پورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن شپ کا مینز ڈبلز کا فائنل پاکستان کے عرفان سعید اور عظیم سرور اور بھارت کے انجان بوراگھونیا اور رانجان بوراگھونیا سے ہوا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف پلیئرز کو یک طرفہ مقابلے میں 16۔21 اور 15۔21 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ چیمپئن شپ کے سنگلز مقابلوں میں پاکستان کے مراد علی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، عظیم سرور نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔