پاکستان نے بھارت کو سی پیک میں شامل کرنے کا افغان مطالبہ مسترد کر دیا

Published on July 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 333)      No Comments


دوشنبے(یو این پی)وزیر اعظم نواز شریف مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کو کسی قسم کی تجارتی رعایت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مظلوم نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کرے اور ہم انہیں تجارتی رعایت دیں یہ کسی صورت ممکن نہیں۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں پاکستان، تاجکستان، کرغزستان اور افغانستان کا چار ملکی اجلاس منعقد ہوا، تاجک صدر کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف، افغان صدر اشرف غنی اور کرغزستان کے وزیر اعظم نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاسا ایک ہزار منصوبے پر بریفنگ دی گئی جب کہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے سال شروع ہونے والا کاسا ایک ہزار منصوبہ آئندہ سال مکمل ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبہ وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا کو آپس میں ملائے گا اور بجلی کی ترسیل کے منصوبے سے پاکستان سمیت افغانستان کو بھی فائدہ ہو گا جب کہ توانائی کی فراہمی سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، کاسا 1000 سے تاجکستان کو بھی ریوینو حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی، معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے ہمیں توانائی چاہیے، اہم کمپنیوں نے فیڈر اسٹیشنز کے قیام کے لئے پیش کش جمع کرا دی ہے۔ کانفرنس میں وقفہ کے دوران چاروں ممالک کے رہنماؤں نے مقامی زرعی اشیاء کی نمائش میں شرکت کی، نواز شریف نے مقامی پھلوں کے معیار کی تعریف کی اور نمائش میں لگے تندور سے تیار کئے گئے نان کا ٹکڑا کھایا۔ اجلاس اس وقت بے نتیجہ ثابت ہوا جب افغانستان نے چار فریقی تجارتی راہداری میں بھارت کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ نواز شریف نے بھارت کو کسی قسم کی تجارتی رعایت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز چلائے اور ہم تجارتی رعایت دیں، یہ ممکن نہیں جب کہ افغانستان کا سامان جانا چاہیے اور ہم نے اسے راستہ دے رکھا ہے مگر بھارت مقبوضہ کشمیر میں زیادتی کر رہا ہے۔ واضح رہے کاسا ایک ہزار تاجکستان اور کرغزستان سے پاکستان اور افغانستان کو بجلی کی ترسیل کا منصوبہ ہے جس کا آغاز گزشتہ سال ہوا اور اسے دو ہزار اٹھارہ میں مکمل ہونا ہے جب کہ عالمی بینک نے مارچ دو ہزار چودہ میں منصوبے کے لئے 52 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی گرانٹ اور کریڈٹ فنانسنگ کی منظوری دی تھی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes