اسلام آباد ( یوا ین پی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں ایک مرتبہ پھر متحد، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ، پنجاب میں اربوں روپے کی کرپشن اور کمیشن کیخلاف عدالت میں جانے اور10جولائی کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ یوا ین پی کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں میاں محمود الر شید کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر وسیم اختر، مسلم لیگ قائداعظم سے خدیجہ عمر فاروقی، پیپلز پارٹی سے فائز ہ ملک، تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی، ڈاکٹر مراد راس اور سعد یہ سہیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ روز وزیراعظم کی صاحب زادی مریم نواز کی سرکاری پرو ٹو کول میں جے آئی ٹی میں پیشی، عدلیہ، فوج اور سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم پر تنقید کی مذمت کی گئی، اجلاس میں ملکی سیاست بالخصوص پانا مہ کیس کی بدلتی صورتحال، پنجاب کے منصوبہ جات اور سکیموں میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن اور کمیشن، مسلم لیگ ن کی جانب سے جے آئی ٹی، عدلیہ اور فوج کیخلاف توہین آمیز پالیسی اپنانے، پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اجلاس کے بعد پنجاب اسمبلی کمیٹی ہال سی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پانا مہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی اور ملزمان کی سرکاری پرو ٹو کول میں پیشی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا رویہ اور عدالت عظمیٰ سے متعلق اپنی توہین آمیز پالیسی ترک نہ کی تو10جولائی کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائیگی، انہوں نے کہا کہ حکمران سپریم کورٹ پر دوبارہ نوے کی دہائی جیسا حملہ کرنے جا رہے ہیں تو یاد رکھیں پوری قوم عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی سمیت ہر ملکی ادارے کی پشت پر کھڑی ہے ان کی ہر مکروہ سوچ کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیگی، میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیر اعظم کی خاندان سمیت جے آئی ٹی میں پیشی سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مسلسل جگ ہنسائی ہو رہی ہے لہٰذا وزیر اعظم پانا مہ پر حتمی فیصلہ آنے تک مستعفی ہو جائیں۔ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب پر شدید تنقید کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے دعوے دار ہیں کہ ان پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں۔ میٹرو بس، سستی روٹی سکیم، صاف پانی سمیت پنجاب میں ہر منصوبے اور سکیم میں اربوں روپے کی کرپشن اور کمیشن کھائی گئی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے میڈیا اور قوم کے سامنے پنجاب میں مختلف منصوبوں کی کرپشن کے ثبوت پیش کئے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے اسکی وضاحت نہ کی اب پنجاب میں کرپشن اور کمیشن کے معاملے کو عدالت میں لے جا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرپشن کیخلاف اس جنگ کو اب منطقی انجام تک پہنچائے، پیپلز پارٹی کی فائز ہ ملک نے کہا کہ بے نظیر بھی اسی قوم کی بیٹی تھی جسے سیاسی مقدمات میں الجھایا گیا جبکہ مریم نواز پر منی لا نڈر نگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا کیس ہے انکی سرکاری پرو ٹو کول میں پیشی قابل مذمت ہے، اس موقع پر مسلم لیگ قائداعظم کی رہنما خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ حکمران خاندان سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کا خیال ذہن سے نکال دے کیونکہ پوری قوم عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔