اسلام آباد (یواین پی)تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے فرنٹ فٹ پر کھیلنا شروع کردیا۔ شفقت محمود کہتے ہیں وزیراعظم کا جانا ٹھہر گیا۔ تمام سیاسی جماعتیں ان کے استعفے پر متفق ہیں۔ اسحا ق ڈار شریف برداران کے جدہ جانے پر ناراض تھے۔ اسد عمر کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرائیں۔
ایک کے بعد ایک پریس کانفرنس۔ تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار میاں برادران کے جدہ جانے پر ناراض تھے۔ وہ پر امید تھے کہ منی لانڈرنگ پراعترافی بیان کے بعد مشرف انہیں وزیر خزانہ بنا دینگے۔ کہتے ہیں ساری جماعتیں وزیراعظم کا استعفیٰ چاہتی ہیں۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ اسحاق ڈار اپنی سچائی کا رونا روتے رہے۔ شریف خاندان پر الزامات کا جواب نہیں دیا۔ اب اسحاق ڈار کا وزیر خزانہ کے عہدے پر رہنا مناسب نہیں۔تحریک انصاف کے رہنماﺅں کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے مکر گئے۔جے آئی ٹی کی رپورٹ کو عالمی سازش قرار دینا حقائق سے آنکھیں چھپانے کے مترادف ہے۔۔بدترین مالی خسارے کا سامنا ہے۔ معیشت ڈوب رہی ہے۔ ایسی ترقی نہیں چاہیے۔ سی پیک حکومت کا نہیں ریاست کا منصوبہ ہے۔