مظفرآباد(یو این پی) دارلحکومت مظفرآباد شدید گرمی کی لپیٹ میں، اوپر سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے بڑھ گیا ٗ عوام کی چیخیں نکل گئیں، لوڈ شیڈنگ کم نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق دارلحکومت مظفرآباد ایک بار پھر گرمی کی شدید لپیٹ میں آگیا جس کے باعث عوام گرمی سے بلبلا اُٹھی ، دریائے نیلم اور دریائے جہلم کے کنارے ڈھیرے ڈالنے پر مجبور ، محکمہ برقیات کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ 16گھنٹے تک بڑھ گیا ، عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ برقیات شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کریں تاکہ گھروں میں محصور خواتین چھوٹے بچے ، بوڑھے بزرگ اور مریض سکھ کا سانس لیں جبکہ محکمہ برقیا ت کی جانب سے شیڈیول کے بغیر دن اور رات میں بجلی کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھ کر اپنی ہٹ دھرمی کا ثبوت دے دیا ۔عوام کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی وہاں کاروباری نظام بھی مکمل ٹھپ ہونے کی وجہ سے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی حکومتِ آزادکشمیر دارلحکومت مظفرآباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے ۔