لندن(یوا ین پی)خواتین کے چہروں پر بال نکل آئیں تو کافی برا لگتا ہے،کچھ اسے نظر انداز کردیتی ہیں لیکن ٹھوڑی پر اگُنے والے بالوں کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ صحت کے مسائل کی طرف ایک اشارہ ہے۔آئیے آپکو اس کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہیں۔
جنیاتی
اگر آپ کی والدہ یا دادی کی ٹھوڑی پر چند بال تھے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہے تو یہ زیادہ پریشانی کی بات نہیں کیونکہ یہ جنیاتی مسئلہ ہوسکتا ہے۔
ہارمونز میں عدم توازن
اگر اینڈوکرائن گلینڈزمیں خرابی پیدا ہوجائے تو مردانہ خصوصیات ہاوی ہونے لگتی ہیں اور اسکی وجہ سے بھی چہرے پر بال اُگ جاتے ہیں۔
بڑھتی عمر
جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے ویسے ہی چہرے پر بال آنے لگتے ہیں اور خواتین اس کے تدارک کے لئے مختلف طریقے اپناتی ہیں۔عمومی طور پر 50سال کی عمر کے بعد چہرے پر بال اُگ سکتے ہیں۔
پولی سسٹ اووری
جن خواتین کو ایام میں بے قاعدگی کا مسئلہ درپیش ہوتاہے ان کے ساتھ یہ مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے کہ ان کے جسم پر بالعموم اور چہرے پر بالخصوص بال نمودار ہوجاتے ہیں۔اس بیماری کی وجہ سے چہرے پر بالوں کے ساتھ بانجھ پن، چڑچڑاپن اور وزن میں بہت زیادہ اضافہ یا بہت زیادہ کمی ہوسکتی ہے۔
ادویات
کچھ ادویات جیسے مانع حمل کی گولیاں وغیرہ کی وجہ سے بھی ہارمونز میں تبدیلیاں پیداہوتی ہیںجس کی وجہ سے ٹھوڑی پر بال اگ جاتے ہیں۔
ان بالوں سے نجات
آپ چاہیں تو ان بالوں کو کسی موچنے سے اکھاڑ لیں،یہ کوئی خطرناک بات نہیں کہ انہیں بلیچ یا ہیرریمور کریم سے بھی ختم کیا جائے۔