واشنگٹن(یواین پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرنیلوں اور دیگر ماہرین سے مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ آئندہ خواجہ سراؤں یا ہم جنس پرستوں کو فوج میں نہیں رکھا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے ملکی فوج میں کسی خواجہ سرا یا ہم جنس پرست کو بھرتی نہیں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ اعلیٰ فوجی ماہرین اور جرنیلوں کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ اب کسی بھی صورت میں امریکی فوج میں انھیں نوکری نہیں دی جائے گی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہماری افواج پر زیادہ طبی اخراجات کا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، ہمیں فیصلہ کن اور زبردست کامیابی اپنی پوری توجہ مبذول کرنا ہو گی۔ یاد رہے کہ یہ پالیسی سابق صدر باراک اوباما کی جانب سے متعارف کروائی گئی تھی۔ اعدادو شمار کے مطابق امریکی فوج میں تقریبا 7 ہزار ٹرانس جینڈرز اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پابندی کے بعد فوج کیلئے ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس فیصلے کے بعد سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔