راولپنڈی(یو این پی )57 سال پاکستانیوں کی خدمت کرنے والی عظیم سماجی کارکن ڈاکٹر روتھ فاؤ چل بسیں، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر روتھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر روتھ فاؤ کو انسانیت کی سفیر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں جذام کے مریضوں کے لئے اپنی تمام زندگی وقف کر دینے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ کو انسانیت کی سفیر قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر روتھ فاؤ نے پاکستانی عوام کی بے پناہ خدمت کی، انہیں دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈاکٹر روتھ فاؤ جرمن نژاد پاکستانی ڈاکٹر ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے 57 سال پاکستان میں جذام کے مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے گزار دیئے۔ ان کی انتھک کوششوں کی وجہ سے پاکستان کو 1996ء میں جذام پر قابو پانے والا ملک قرار دیا گیا تھا۔