لاہور (یو این پی)سینئر سیاستدان پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نواز شریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں اور آخری ٹکریں مار رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چودھری پرویز الہیٰ نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں بھائی اقتدار میں ہوں تو فرعون ہوتے ہیں۔ دونوں کو حکومت کرتے ہوئے 25 سال ہو گئے لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ یہ پورے کا پورا ٹبر ہی پکڑا گیا ہے۔ ان کو پکڑ اللہ کی طرف سے آئی ہے۔ نواز شریف آخری ٹکریں مار رہے ہیں۔چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اصل میں ان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن نظر آ رہا ہے جس سے ان کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔ اب گرفتاریوں سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نواز شریف گرفتاری سے بچنے کیلئے ڈرامہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملکی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ کیا عوام نے ان کو عدلیہ اور فوج کے خلاف لڑنےکیلئے ووٹ دیا تھا؟ عدالت پر حملے کا وقت گزر گیا ہے، اب کسی میں جرات نہیں ہو گی کہ وہ حملہ کر سکیں۔ سپریم کورٹ پر حملے کا اب زمانہ نہیں رہا، ان کی کال پر کوئی نہیں آئے گا۔