نئی دہلی (یو این پی) انڈین ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور کے ایک ہسپتال میں آکسیجن کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے 30 بچوں کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یہ بچے صرف اڑھتالیس گھنٹوں میں موت کی وادی میں چلے گئے۔ دوسری جانب یوگی آدتیاناتھ کی حکومت نے واقعہ کی ذمہ داری لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی اموات کو آکسیجن کی بندش سے منسلک نہ کیا جائے، اس سانحہ کی انکوائری کی جائے گی۔لوک سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن کملیش پسوان نے بچوں کی اموات کی وجہ جاننے کیلئے بابا راگھیو داس میڈیکل کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچوں میں سے زیادہ تر بچے انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں زیر علاج تھے۔ریاستی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بچوں کی اموات کو آکسیجن کی کمی سے جوڑنا درست نہیں ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی یہی موقف اختیار کیا تاہم یہ تسلیم کیا ہے کہ ہسپتال کی جانب سے واجبات میں تاخیر کی وجہ سے آکسیجن کی سپلائی میں تعطیل آیا تھا۔