لاہور(یوا ین پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی شاہدرہ پہنچ گئی، لاہور میں ان کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، داتا دربار کے سامنے اسٹیج تیار ہوگیا، مرکزی استقبالیہ کیمپ بھی قائم کرلیا گیا، سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عدالتی احکامت پر نااہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کی ریلی اسلام آباد سے لاہور کے سفر کا آج چوتھا دن ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نواز شریف کا قافلہ فیروز والا سے نکل کر شاہدرہ پہنچ گیا ہے۔مسلم لیگ نون کے کارکنان لاہور میں اپنے قائد کے استقبال کے لیے پہلے سے موجود ہیں، لاہورمیں نواز شریف کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اس حوالے سے داتا دربار کے سامنے اسٹیج تیار کرنے کے علاوہ مرکزی استقبالیہ کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے، داتا دربار کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور پہنچ کر داتا دربار کے سامنے عوام سے خطاب کریں گے، داتا دربار کے اطراف دو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے، مزارکو عام زائرین کے لیے بند کردیا گیا ہے۔