بوریوالا(یو این پی) جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، شہر میں سبز پرچم کی بہار آ گئی ہے، شہر بھر کی اونچی عمارتوں، گھروں، دفاتر سمیت سرکاری اور نجی گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں، شہر بھر کی عمارتوں کو برقی قمقموں سے آراستہ کر دیا گیا، قومی ہیروز کی قدآدم تصاویرر والے بڑے اسٹیکر گاڑیوں کے پیچھے لگائے گئے ہیں، گاڑیوں اور گھروں میں قومی ترانوں پر مبنی کیسٹ بجائے اور سنے جا رہے ہیں، شہر کی سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں نے جشن آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالنی شروع کر دی ہیں جبکہ شہر کے کئی محلوں کو قومی پرچم کی جھنڈیوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے، بچوں نے قومی پرچم کے لباس اور چوڑیاں پہن لی ہیں اسکولوں میں جشن آزادی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔