نواز شریف اور ان کے بیٹوں کو نیب نے طلب کر لیا

Published on August 17, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 352)      No Comments


اسلام آباد(یو این پی) پانامہ کا ہنگامہ کسی طور شریف خاندان کا پیچھا چھوڑنے کے لئے تیار نہیں، بڑی عدالت کے بڑے فیصلے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کو کل 18 اگست کو لاہور میں طلب کر لیا ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی نے 11 اگست کو نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کو عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور 18 اگست کو نیب لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں شریف خاندان سے عزیزیہ سٹیل ملز کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی، کیس کی تفتیش اور پوچھ گچھ نیب راولپنڈی کی ٹیم کرے گی۔ اس کیس میں نیب راولپنڈی کی ٹیم لاہور میں نواز شریف اور ان کے بیٹوں کا بیان قلمبند کرنے جائے گی۔ علاوہ ازیں نیب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کیس 23 اگست کو دیکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی کو پانامہ کیس کے فیصلے میں دیئے گئے حکم پر نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز تیار کئے جا رہے ہیں، سپریم کورٹ نے اپنے تاریخی فیصلے میں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا ان سمیت خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ اسحاق ڈار کے خلاف کیسز نیب کو بھیجتے ہوئے حکم جاری کیا تھا کہ چھ ہفتوں کے اندر تمام ریفرنسز تیار کر کے احتساب عدالت میں فائل کئے جائیں اور احتساب عدالت کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ چھ ماہ میں ان ریفرنسز پر فیصلہ دے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم اپنی نااہلی کے بعد عہدہ چھوڑنے کے باوجود مسلسل عدالتی فیصلے کو ماننے سے انکاری ہیں اور وہ اپنے حالیہ جی ٹی روڈ مشن میں اس کا برملا اظہار بھی کر چکے ہیں اور کھل کر عدلیہ کے ججز اور جے آئی ٹی کے ارکان کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں، جس پر آئینی و قانونی ماہرین یہ رائے بھی رکھتے ہیں کہ سابق وزیر ا عظم توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عزیزیہ سٹیل ملز کے سرمائے کی منی ٹریل غائب ہے شریف خاندان نے گلف سٹیل ملز بیچ کر عزیزیہ سٹیل ملز لگائی تھی اور وہ ذرائع ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کیس میں شریف خاندان کو ضمانت بھی لینا پڑے گی جبکہ نواز شریف حسن اور حسین نواز کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی کہا ہے کہ شریف خاندان کو نیب کے مقدمہ میں عدالت سے ضمانت لینا پڑے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy