لاہور (یو این پی) معروف قانون دان ریٹائرڈ جسٹس شائق عثمانی اور دیگر معروف ماہرین قانون نے لاہور ہائی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے توڑ پھوڑ کی مذمت کی ہے۔ سینئر وکلاء نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کیخلاف وکلاء کا احتجاج بہت افسوسناک ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریٹائرڈ جسٹس شائق عثمانی نے کہا وکلاء کا رویہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا، وکلا کا فیصلے کے خلاف آنا بہت افسوسناک ہے۔سینئر وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ وکلاء رہنماؤں کو آگے بڑھ کر احتجاج روکنا چاہیے، جدوجہد میں حقیقت ہو تو پرتشدد واقعات سے نقصان پہنچتا ہے، پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ عدلیہ دباؤ میں آئے۔معروف قانون دان بیرسٹر علی ظفر نے دنیا نیوز کو اپنے خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہو رہا ہے، وہ نظام کے لیے ٹھیک نہیں ہے، بار اور بینچ کے ٹکراؤ سے عدلیہ کا نقصان ہو گا۔ ماہرین قانون اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان بار کونسل کو اس معاملے کو خوش اسلوبی سے نمٹانا چاہیے تھا۔