لاہور(یو این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور آنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ورلڈ الیون کی ٹیم کے کپتان ہوں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، سیمیول بدری، جارج بیلی، بین کٹنگ، گرانٹ ایلیٹ، تمیم اقبال، ٹم پین، تھیسارا پریرا، ڈیرن سیمی، عمران طاہر اور پال کالنگ ووڈ شامل ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آج وہ دن آ گیا ہے جس کا سب انتظار کر رہے تھے، پاکستان اور انٹرنیشنل الیون کے درمیان سیریز انڈیپنڈینس کے نام سے ہو گی اور 3 ٹی ٹونٹی میچز 12،13 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، سات ممالک کے کھلاڑی ورلڈ الیون میں شریک ہیں، جنوبی افریقہ کے 5، آسٹریلیا کے 3، ویسٹ انڈیز کے 2 جبکہ بنگلہ دیش، انگلینڈ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے، اینڈی فلاور انٹرنیشنل الیون کے ہیڈ کوچ ہوں گے جس کا پاکستان آنے سے پہلے دو روزہ کیمپ دبئی میں لگے گا، ورلڈ الیون کی آمد جائلز کلارک کی کوششوں سے ممکن ہو سکی۔ نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے ایونٹ کے بعد میرا مقصد پاکستان سپر لیگ کو وطن واپس لانا اور کراچی میں میچ کروانا ہے، آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم ستمبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے فیئرویل کے لیے خود انکار کیا۔ جائلز کلارک نے ورلڈ الیون کے میچز ممکن بنانے میں مدد کی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میرا اگلا ہدف اب کراچی میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں کرائیں گے۔ پی ایس ایل کے میچز سے کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔