ریاض (یو این پی) سعودی عرب میں حج کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے پروگرام کے جنرل سپروائز نے کہا ہے کہ اس مرتبہ سات لاکھ 50 ہزار قربانی کے جانور آن لائن دستیاب ہوں گے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قربانی پروگرام کے جنرل سپروائزر موسیٰ العکاسی نے ایک بیان میں بتایا کہ آن لائن قربانی کے جانور کی خریداری کے لیے ’آن لائن بانڈز‘ میں ادائی کی جاسکے گی۔ فی جانور کی قیمت 450 ریال مقرر کی گئی ہے۔غیرملکی کرنسی کی صورت میں 120 امریکی ڈالر یا 92 یورو جب کہ پاکستانی کرنسی میں 12000 روپے میں آن لائن قربانی کا جانور خریدا جاسکتا ہے۔العکاسی نے بتایا کہ آن لائن قربانی کے جانور کی خریداری کا پروگرام 2009ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے شروع کردہ پروگرام کا مقصد حج کے موقع پر حجاج کرام کو جانور قربان کرنے میں مدد کرنا اور سہولت بہم پہنچانا تھا۔ عازمین حج آن لائن جانور خرید کر نہ صرف اپنی طرف سے بلکہ بیرون ملک موجود کسی بھی دوسرے شخص کی طرف سے بھی قربانی کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آن لائن قربانی کے جانوروں کی فراہمی کے لیے جاری پروگرام میں 2000 رضا کار کام کررہے ہیں۔ آن لائن قربانی کے لیے جانور مکمل چھان بین کے بعد حاصل کیے جاتے ہیں۔ جانوروں کو ذبح کرنے اور ان کے گوشت کی تقسیم سمیت تمام امور اسلام کے شرعی اصولوں کے تحت انجام دیے جاتے ہیں۔ سنہ 2009ء سے اب تک ایک کروڑ 96 لاکھ 50 ہزار جانور قربان کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن قربانی کے جانور کے حصول کے پروگرام کو سعودی حکومت کی مکمل حمایت اور سرپرستی حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پروگرام غیر معمولی طور پر کامیاب رہا ہے۔