اسلام آباد(یو این پی)بعض دفعہ زندگی میں بہت سی مشکلات اور پریشانیاں انسان کو گھیرے میں لے لیتی ہیں جن سے نکلنے کے لیے وہ سخت جدوجہد کرتا ہے۔ کبھی وہ اس جدوجہد میں کامیاب رہتا ہے، کبھی ناکام ہو کر مزید پریشانیوں میں دھنستا چلا جاتا ہے۔لیکن بعض اوقات کوئی چھوٹی سی شے انسان کو بہت ہمت اور حوصلہ عطا کرتی ہے اور آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک معمولی سی چیز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔یہ معمولی سی چیز امریکی بحریہ کے ایک ریٹائرڈ ایڈمرل ولیم ایچ مک رون کی تجویز کردہ ہے جو امریکی اسپیشل آپریشن کمانڈ کے نویں سربراہ رہ چکے ہیں۔ ان کی لکھی گئی کتاب اس وقت پورے امریکا کا موضوع بحث بن چکی ہے۔ایڈمرل کی اس کتاب کا موضوع ان کی عملی زندگی کی جدوجہد کے بجائے وہ چھوٹی چھوٹی اشیا اور کام ہیں جو کسی بھی انسان کی زندگی بدل سکتے ہیں۔اور جس ایک کام کے گرد یہ کتاب گھومتی ہے، وہی اس کا ٹائٹل بھی ہے جسے سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ اس کتاب کا نام ہے ’اپنا بستر درست کریں‘۔یہ کتاب رواں برس اپریل میں شائع کی گئی اور اس وقت امریکا میں مقبول ترین کتاب کی حیثیت حاصل کرچکی ہے۔ یہ کتاب نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر کتابوں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔اس کتاب کا خیال دراصل ایڈمرل کی سنہ 2014 میں کی جانے والی ایک تقریر سے آیا جو انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکسس میں گریجویشن کی تقریب کے موقع پر کی۔اس خطاب میں ایڈمرل کا کہنا تھا کہ صبح اٹھنے کے بعد اور گھر سے نکلنے سے قبل اپنے بکھرے ہوئے اور بے ترتیب بستر کو صاف کرنا وہ عمل ہے جو آپ کے دن کو خوشگوار اور کارآمد بنانے میں مدد دے گا۔بکھرے ہوئے بستر کو صاف کر کے اسے ترتیب میں لانا دراصل انسان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ اب اس کام کے بعد وہ ایک ایک کر کے اپنے تمام کام نمٹاتا جائے اور اپنی زندگی کے مقصد کے مزید قریب پہنچے۔یہ کام انسان کو نئی ہمت اور حوصلہ عطا کرتا ہے کہ جس طرح اس نے اس کام کو درست طریقے سے انجام دیا، اسی طرح اب وہ مزید کئی کاموں کو بہترین انداز میں انجام دے سکتا ہے۔ایڈمرل کے مطابق صبح کو مکمل کیا جانے والا یہ کام دن کے اختتام تک بہت سے تکمیل شدہ کاموں کی طرف پہلا قدم بن جائے گا۔اپنی تقریر میں ایڈ مرل کا کہنا تھا کہ اگر بدقسمتی سے آپ نے ایک بہت ناخوشگوار اور برا دن گزارا ہے، تو ایسا دن گزارنے کے بعد جب آپ گھر واپس آئیں گے اور آپ کو اپنا بستر درست اور صاف ستھری حالت میں ملے گا، ایسا بستر جسے خود آپ نے اپنے ہاتھ سے درست کیا ہوگا، تو ایسا بستر آپ کو نیا حوصلہ دے گا کہ آنے والا کل یقیناً ایک بہتر دن ہوگا۔تو پھر آپ کب سے زندگی کو بدلنے والے اس پہلے قدم کو اپنانے جارہے ہیں؟۔