کراچی (یو این پی)مردم شماری کے نتائج پر پاکستان کا ہر طبقہ مختلف پلیٹ فارمز پر اظہار خیال کر رہا ہے، اس میں سب سے دلچسپ اور چٹکلوں و طنز بھرے تبصرے سوشل میڈیا پر کئے جا رہے ہیں۔ توقعات کچھ اور تھیں لیکن نتائج کچھ اور آئے۔ مردم شماری کا عبوری نتیجہ کیا آیا، سوشل میڈیا پر تو شور ہی مچ گیا۔ جتنے منہ اتنی باتیں شروع ہو گئیں۔ کراچی کی آبادی پر لوگوں نے دل کھول کر فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر ویب سائٹس پر اظہار کیا۔کسی نے کہا آدھا کراچی پوچھ رہا ہے، مردم شماری سے ہمیں کیوں نکالا تو کسی نے تبصرہ کیا بِک گئی ہے مردم شماری ۔ لکھنے والوں نے تو یہ بھی لکھا کہ یہ کراچی کی نہیں نیو کراچی کی آبادی ہے ۔ملک کی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مردم شماری کے نتائج سے مطمئن نہیں۔ ملک کی خواتین کی تعداد مردوں سے کم سامنے آنے پر بھی لطیفے جڑنے سے پرہیز نہیں کیا جا رہا۔ مزاحیہ پوسٹس اپنی جگہ مگر سوشل میڈیا پر کراچی والوں نے مردم شماری کے نتائج پر شکوک و شبہات کا دل کھول کر اظہار کیا ہے۔