کراچی/کوئٹہ/اسلام آباد(یو این پی) بڑی عید کے بڑے مزے ہر طرف اڑائے جا رہے ہیں۔ قربانی کے بعد بنے چٹ پٹے پکوانوں سے دسترخوان سج گئے۔ کلیجی کے بغیر عید سونی سونی لگتی ہے تو مصالحے دار بریانی کی تیاری بھی ضروری ہے۔ چٹ پٹے کھابوں سے عید کا لطف دوبالا کیا جا رہا ہے۔ عید کے دنوں میں دن سے رات تک مہمانوں کا زور رہتا ہے۔ گھروں میں گہماگہمی رہتی ہے۔ دن کو نرگسی کوفتے، تکہ بوٹی، ریشمی کباب اور رات کو بار بی کیو کا کوئی نہیں جواب۔ ران روسٹ، چانپیں بھی تیار کی جا رہی ہیں۔ چٹ پٹی مٹن کڑاہی بھی لاجواب لگتی ہے۔دوسری جانب، بچہ پارٹی کے فرمائشی پروگرام بھی جاری ہیں۔ پارٹی شارٹی کا بھی جگہ جگہ اہتمام کیا جا رہا ہے۔ عید کے موقع پر مزے مزے کے پکوانوں کی تیاری کیلئے شوہر بھی خواتین کا ہاتھ بٹاتے رہے۔تاہم، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ صبح پائے اور نہاری سے بھرپور رنگ جمے گا۔ لوگوں نے عید پر تین چار دن کھابے اڑانے کا ایک سے ایک پلان بنا رہکھا ہے۔ آج کے مہمان عید کے دوسرے دن میزبان بنیں گے مگر زبان کے چسکے جاری رہیں گے۔دوسری جانب، عید تو ہوتی ہی بچوں کی ہے۔ بڑے تو جانور ذبح کرنے اور انہیں بانٹنے میں مصروف رہے لیکن بچوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ کہیں پارکوں میں جھولے لئے تو کہیں اونٹوں کی سواری کے ساتھ ساتھ بندر کے تماشے سے بھی محظوظ ہوئے۔