لاہور(یوا ین پی) حلقہ این اے 120 میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا۔ ضمنی الیکشن کا میدان اتوار کو سجے گا، انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، ہر امیدوار کی کوشش ہے کہ 17 ستمبر سے پہلے وعدے اور دعوے کر کے کسی طرح ووٹرز کو قائل کیا جائے۔ ن لیگ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے امیدوار آج بھی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔این اے 120 کے معرکے میں ن لیگ کی کلثوم نواز ،تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد کسی بھی جماعت کو جلسہ، جلوس یا ریلی نکالے کی اجازت نہیں ہوگی۔واضح رہے 2013 کے انتخابات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 91 ہزار 683 ووٹ حاصل کئے، پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد نے 52 ہزار 354 ووٹ حاصل کئے۔ مجموعی طور کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار867 بنتی ہے۔ ن لیگ کا قلعہ سمجھے جانے والے حلقہ این اے 120 میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار642 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار 144 ہے۔