لاہور: (یو این پی) لاہور کے دل پر کس کا راج، فیصلہ آج ہو گا۔ تمام نگاہیں این اے 120 کے ضمنی الیکشن پر لگ گئیں۔ نون لیگ کی بیگم کلثوم نواز، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے فیصل میر میں زور کا جوڑ پڑنے کا امکان ہے لیکن دیگر امیدوار بھی ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار ہیں۔ پارٹیوں کا جوڑ توڑ آخری وقت تک جاری رہا۔ اے این پی کے امیدوار امیر بہادر ہوتی بیگم کلثوم نواز کے حق میں دستبردار ہو گئے۔آئندہ الیکشن کا ٹرینڈ سیٹ کرنے والے حلقے میں پولنگ کی تیاریاں مکمل، انتخابی سامان اور بائیو میٹرک مشینیں پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دی گئیں۔ تمام دو سو بیس پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے جبکہ سیکورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر ڈیوٹی دیں گے۔ حلقے میں پولیس کے سات ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ پولیس کو پانچ زونز، 11 سرکلز اور 23 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر زون کا انچارج ایس پی سرکل کا ڈی ایس پی ہو گا۔