اسلام آباد(یو این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پارلیمنٹ کی ڈیفنس کمیٹیوں کے ارکان نے قوم کے تعاون اور مثبت سوچ کے ذریعے انتہاء پسندی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ارکان پارلیمنٹ کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قوم کے تعاون اور مثبت سوچ کے ذریعے انتہاء پسندی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹیوں کو سرحدی سکیورٹی کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم کی سربراہی میں وفد نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔