نیویارک: (یواین پی)ہم جانتے ہیں کہ ایپل آئی فون کی دسویں سالگرہ پر زبردست فیچرز کے ساتھ آئی فون ایکس یا آئی فون ٹین تیار کیا گیا ہے لیکن اب خود ایپل کارپوریشن کی جانب سے اس کی کم تعداد میں تیاری کی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ایپل آئی فون کےلیے اہم ترین پرزہ جات تیار کرنے والی کمپنیوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ خود ایپل نے انہیں کہا ہے کہ وہ پہلے آرڈر کے مقابلے میں صرف 40 فیصد آرڈر ہی بھیجیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئی فون ٹین کےلیے پہلے سے فراہم کردہ آرڈر میں غیرمعمولی اور غیرمتوقع کمی ہوئی ہے۔اس کے علاوہ بھی دیگر تجزیہ کاروں نے ایپل آئی فون ٹین میں عدم دلچسپی کا اعتراف کیا ہے۔ اس سے قبل لندن میں نئے فون کے اجرا پر صرف چند درجن افراد ہی قطاروں میں دیکھے گئے۔دوسری جانب اسمارٹ فون کا جائزہ لینے والی ویب سائٹ ’ڈجی ٹائمز‘ نے تائیوان کی بعض کمپنیوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایپل نے انہیں فون اور دیگر اہم پرزوں کی فراہمی کے آرڈر میں کمی کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل نے کہا تھا کہ آئی فون ٹین سے قدرے سستے آئی فون 8 کی طلب میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے جب کہ کچھ افواہیں زیرِ گردش رہیں کہ خود ایپل نے بھی آئی فون ایکس کی باقاعدہ تیاری شروع نہیں کی ہے۔ آئی فون کی پیداوار میں کمی کی ان خبروں کا اثر خود ان کئی کمپنیوں پر بھی دیکھا گیا جو آئی فون کےلیے کام کرتی ہیں اور ان کے حصص میں کمی دیکھی گئی ہے۔اسی طرح پیر کے روز ایپل کمپنی کے حصص میں بھی 0.9 فیصد کمی دیکھی گئی اور ماہرین نے اس کی وجہ ان ہی خبروں کو بتایا ہے جب کہ دیگر تجزیہ نگاروں کے مطابق پوری دنیا میں نئے آئی فون کے پہلے دن کوئی غیرمعمولی قطاریں اور رش نہیں دیکھا گیا۔