اسلام آباد (یواین پی)سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ، جہاں آج وہ احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، قبل ازیںسابق وزیر اعظم نے پنجاب ہاﺅس میں آئینی اور قانونی ماہرین اور اپنے وکلاءسے نیب ریفرنسز کے حوالے سے مشاورت بھی کی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے،جہاں ان کے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز کی سماعت ہوگی ۔ احتساب ریفرنسز نوازشریف، ان کے بچوں حسن، حسین، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عباسی کے خلاف ہیں جب کہ عدالت نے نوازشریف کو ریفرنسز کی نقول بھی فراہم کر رکھی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے کئے ہیں جب کہ ان کی پیشی سے قبل آج صبح احتساب عدالت جانے والے راستے آج رات ہی بند کر دیئے جائیں گے، عدالتوں میں جن وکلاءکے کیسز لگے ہوں گے وہی جوڈیشل کمپلیکس جا سکیں گے اور میڈیا کے نمائندے بھی خصوصی پاس دکھا کر اند ر جا سکیں گے۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوان جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات ہوں گے جب کہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب بلند عمارتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔واضح رہے 26 ستمبر کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دائر کیے گئے 3 نیب ریفرنسوں پر سماعت ہوئی تھی جس میں ان پرفرد جرم کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقررکی گئی تھی۔