کراچی: (یواین پی)مائع پٹرولیم گیس کی ماہ اکتوبر کے لیے سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس 85 ڈالر کے اضافے سے 530 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی ایل پی جی پرڈیوسرز نے بھی منگل کو غیر اعلانیہ طور پر فی ٹن ایل پی جی کی قیمتوں میں اوسطاً 10 ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے۔آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور ایف پی سی سی آئی کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے بتایا کہ مقامی پرڈیوسرز کی جانب سے اس غیرمنصفانہ اضافے کے نتیجے میں فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت 10 روپے بڑھ جائے گی جو صارفین کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔ حالانکہ وزارت پٹرولیم میں 28 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں ایل پی جی کے مقامی پرڈیوسرزسے کہا گیا تھا کہ وہ مقامی قیمتوں کو کنٹریکٹ پرائس سے کم رکھیں لیکن منگل کو کنٹریکٹ پرائس بڑھتے ہی پرڈیوسرز نے بھی اسی تناسب سے ایل پی جی کی مقامی قیمتوں میں اضافہ کرڈالا جس پر ملک بھر کے ڈسٹری بیوٹرز میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔