لندن(یو این پی) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے صارفین کا سب سے بڑا مطالبہ پورا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹوئٹر کے ہیڈ آف پراڈکٹ کیتھ کولمین نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں اب صارفین ٹوئیٹ کو بک مارک یا بعد میں دیکھنے کے لیے محفوظ بھی کرسکیں گے۔ اس نئے فیچر کو فیو سیو فور لیٹر کا نام دیا گیا ہے جس پر ابھی کام جاری ہے اور بہت جلد متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صارفین کا سب سے بڑا مطالبہ تھا جو اب پورا کیا جا رہا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو ایسی ٹوئیٹس کی الگ فہرست بنانے میں مدد دے گا جو وہ بعد میں کبھی دیکھنا چاہتے ہوں یا ان کا حوالہ دینا چاہتے ہوں۔ ٹوئٹر نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ یہ فیچر ممکنہ طور پر سب سے پہلے جاپان میں دستیاب ہو گا کیونکہ وہاں کے صارفین کی جانب سے اس کا بہت زیادہ مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس فیچر کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئی تاہم امید ہے کہ بہت جلد صارفین کو دستیاب ہو گا۔ اس سے قبل گزشتہ مہینے ٹوئٹر کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ بہت جلد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ٹوئیٹس کے لیے 140 حروف کی حد کو بڑھا کر 280 کر دیا جائے گا۔