لاہور: (یو این پی) خوبصورت چہرہ اور دلکش انداز، ریکھا بالی ووڈ کی منفرد اداکارہ ہیں۔ ورسٹائل اداکارہ نے بالی وڈ کو ایک سے بڑھ کر ایک فلمیں دیں۔ امراؤ جان ادا میں ریکھا کی اداکاری نے سب پر جادو کر دیا۔ اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ریکھا کی جوڑی سپر ہٹ رہی، ریکھا کے رقص کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔ریکھا نے گیارہ سال کی عمر میں تیلگو فلم میں اداکاری سے کرئیر شروع کیا، 1969 میں ہندی فلم دو شکاری کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔ انیس سو چھہتر میں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم دو انجانے میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا، 1978 میں فلم مقدرکا سکندر نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی دلا دیا۔اسی کی دہائی میں ریکھا ایکش ہیروئین کے طور پہ سامنے آئیں، جہاں ان کے ساتھ کی بہت سی اداکارواں کا کیریئر ختم ہو رہا تھا، وہ ایک کے بعد ایک فلم میں کام کرتی رہیں۔ ریکھا کا سارا فلمی کیریئر افیئر سے بھرپور ہے، امیتابھ بچن سے پہلے چارمنگ ونود مہرہ کے ساتھ بھی ان کی شادی کے چرچے تھے، لیکن ریکھا نے یہ کہہ کر اس کی تردید کی، کہ ونود محض ان کے دوست تھے۔ امیتابھ کے لیے جب ان کی پسندیدگی کا پوچھا گیا، تو ریکھا نے کہا کون ہے جو امیتابھ کو پسند نہیں کرتا۔ اداکاری ریکھا کے خون میں شامل تھی جس نے اسے بالی وڈ میں وہ مقام دیا کہ اس کے لاکھوں مداحوں نے اپنی بیٹی کا نام ریکھا رکھا۔