اسلام آباد(یوا ین پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لگے بجلی کے باکس کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے اور اس میں لگی بجلی کی تاریں کسی قدیم دور کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے مرکزی و سینئر رہنما اسد عمرنے اپنے ایک بیان میں کیا ۔اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کی مارکیٹس اور مراکز میں لگی بجلی کی تاروں اور میٹروں کی ابتر حالت کوکئی بار حکام بالا کے نوٹس میں لایا گیا لیکن تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ مراکز اور سیکٹرزمیں لگے ان بجلی باکس کی انتہائی نازک صورتحال کی بدولت آئے روز شارٹ سرکٹ کے واقعات رونما ہوتے ہیں اور حالیہ دنوں میں ایف ٹین میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ سے دکانیں جل کر راکھ ہو گئی اور شدیدمالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جوآیئسکو حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بلدیاتی رہنماوٗں نے متعلقہ فورم پر کئی بار یہ مسئلہ اٹھایا لیکن کوئی مناسب اقدام نہیں کیا گیا۔ یہ حالات دارالحکومت میں کسی بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور آیئسکو حکام پر عائد ہوگی ۔