پشاور(یو این پی) پشاورکے حلقہ این اے 4پر کل 26اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔سیاسی جماعتوں نے بھر پور انتخابی مہم چلانے کے بعد جیت کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں ۔یوا ین پی کے مطابق سیاسی جماعتوں سمیت آزا د امیدواروں نے بھر پور انتخابی مہم چلائی ہے ۔انتخابی مہم کا وقت 24اکتوبر کی درمیانی شب 12بجے ختم ہو گیا اور پولنگ کل 26اکتوبر جمعرات کے روز ہو گی ۔تحریک انصاف کے گلزارخان کی وفات کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 4پشاور پر تحریک انصاف،مسلم لیگ(ن)اے این پی،جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں اور مقابلہ انہی جماعتوں کے درمیان ہے ۔لاہورکے حلقہ این اے 120پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ(ن)نے اس حلقے سے بھی کامیابی کی امیدیں لگا لی ہیں ۔پیپلز پارٹی نے مذکورہ حلقے سے گلزارخان مرحوم کے صاحبزادے اسد گلزار کو امیدوار بنا یا ہے اور بلاول بھٹو کے پشاورجلسہ کے بعد پیپلز پارٹی کی پوزیشن بھی مضبوط ہوگئی ہے ۔تحریک انصاف کے ارباب عامر ایوب نے بھی بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے ۔اسی طرح خوشدل خان اے این پی اور جماعت اسلامی کی جانب سے واصل فاروق امیدوار ہیں ۔دوسری جانب آزاد امیدواروں کی جانب سے بھی انتخابی مہم موثر رہی ہے ۔