جیلوں میں قید سارے چوروں کی چوری کی قیمت ملا کر بھی نواز شریف کے مے فیئر فلیٹ سے کم ہو گی
ہماری تباہی کا سبب کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قوانین ہیں ،میرٹ کا نظام ملک اور جمہوریت کو آگے لے کر جاؤں گا
خیبرپختونخوا میں آنیوالا سونامی آئندہ انتخابات میں پنجاب اور سندھ کو بھی بہا دے گا،بلاول کو اردو بولنی بھی نہیں آتی
جس آدمی نے زندگی میں محنت ہی نہ کی ہو وہ کیسے وزیراعظم بن سکتا ہے؟، چیئرمین تحریک انصاف کادیر بالا میں جلسہ عام سے خطاب
دیر بالا(یوا ین پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اور زرداری بڑے ڈاکو ہیں، ان کو جیلوں میں ڈال کر قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لیا جائے،پاکستان کی جیلوں میں قید سارے چوروں کی چوری کی قیمت ملا کر بھی نواز شریف کے مے فیئر فلیٹ سے کم ہو گی ، ہماری تباہی کا سبب کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قوانین ہیں ،میرٹ کا نظام ملک اور جمہوریت کو آگے لے کر جائے گا، خیبرپختونخوا میں آنے والا سونامی آئندہ انتخابات میں پنجاب اور سندھ کو بھی بہا دے گا،بلاول کو اردو بولنی بھی نہیں آتی، جس آدمی نے زندگی میں محنت کی ہو اور نہ ہی ایک روپیہ بھی کمایا ہو وہ کیسے ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے؟۔یو ا ین پی کے مطابق دیر بالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبال پر دیر کے لوگوں کا شکریہ اداکرتا ہوں، نیا پاکستان نوجوانوں کے لیے بنے گا، ہم اس ملک کو ایک عظیم قوم بنائیں گے، اللہ کی برکت کبھی اس قوم پر نہیں آتی جس میں ظلم اور ناانصافی ہوتی ہے، جس قوم میں عدل اور انصاف کا نظام ہوتا ہے وہاں اللہ کی برکت آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر نواز شریف کو فوج نے اٹھا کر وزیراعظم بنا ہی دیا تھا تو کیا نون لیگ میں ان کی بیٹی کے علاوہ کوئی اور نہیں تھا نواز شریف اور زرداری دونوں نے ملک کو لوٹا ،زرداری سینما میں ٹکٹیں بلیک کرتا تھا اور نواز شریف نے کبھی بھی اداروں کو مضبوط نہیں ہونے دیا ۔ انہوں نے کہاکہ میرٹ کا نظام ملک اور جمہوریت کو آگے لے کر جائے گا ،پختونخواہ میں آنے والا سونامی آئندہ انتخابات میں پنجاب اور سندھ کو بھی بہا دے گا اور جیت تحریک انصاف کی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں ظلم اور نا انصافی ہو وہ تباہ ہو جاتی ہے ،ہمارے ملک میں چھوٹے چور جیلوں میں اور بڑے چور چالیس گاڑیوں کے پرٹوکول میں ہوتے ہیں ،طاقتوروں کا وی آئی پی احتساب کیا جاتا ہے ،پاکستان کی جیلوں میں قید سارے چوروں کی چوری کی قیمت ملا کر بھی نواز شریف کے مے فیئر فلیٹ سے کم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چور ایک گھر کو نقصان پہنچاتے ہیں جب کہ وزیراعظم ،صدر یا وزراکرپشن کر کے پاکستان کو نقصان پہنچاتے ہیں ، ہرپاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپیہ قرضہ چڑھ چکاہے، یہ ڈاکا مار کرملک سے پیسہ باہر لے گئے، منی لانڈرنگ سے قوم کو دگنا نقصان ہوتاہے جبکہ قرضے کی قسط واپس کرنے کے لیے عوام پر ٹیکس لگایا جاتا ہے، موبائل فون پر ایک سو روپے میں 35 روپے ٹیکس لگتاہے، لوٹتا کوئی ہے اور پیسے قوم ادا کرتی ہے،نواز شریف اور زرداری بڑے ڈاکو ہیں ، دونوں نے قوم کاپیسہ چوری کیا، ان کو جیلوں میں ڈال کر قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لیا جائے ۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے بعد بلاول بھٹو کو لاونچ کیا گیا، بلاول کو تو اردو بھی بولنی نہیں آتی جبکہ جس بچے نے زندگی میں نہ محنت کی ہو اور نہ ہی ایک روپیہ بھی کمایا ہو ،وہ کیسے ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر میرٹ پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اس ملک کو عزیم قوم بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں میرٹ کا نظام لے کر آئیں گے۔ اقتدار میں آکر مگرمچھوں کو جیل میں ڈال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سرکاری اسکولوں کانظام تباہ کیاگیا، پیسے والے بچوں کے لیے انگلش میڈیم اورغریبوں کے لیے اردو میڈیم اسکول ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ بچہ پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں پیسہ عوام پر خرچ ہو اور انہیں روزگار ملے۔ ملک سے سالانہ ایک ہزار ارب روپیہ باہر جاتا ہے۔ بیرون ملک سے پیسہ آنا شروع ہوا تو قرض کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ نئے پاکستان میں سب سے بڑا ہاتھ بیرون ملک پاکستانیوں کا ہوگا۔ وہ نظام لانے کا وقت آگیا ہے جس کیلئے پاکستان بنا تھا۔ ہماری تباہی کا سبب کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قوانین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے دعاگو ہوں، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام پر مثبت اثرات مرتب کرے گا، ملک سے غربت مٹانے کیلئے چین کی کاوشیں متاثر کن ہیں۔