دبئی(یو این پی) سانحہ بلدیہ کیس میں سرفہرست ملزم ایم کیو ایم کے رہنما حماد صدیقی کو انٹرپول کی مدد سے دبئی میں گرفتار کرلیا گیا جنہیں چند دن میں پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔میڈیا کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ تنظیمی کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی کو انٹرپول کی مدد سے دبئی میں گرفتار کرلیا گیا ہے، ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حماد صدیقی کی گرفتاری کے بعد پاکستانی سفارت خانے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ حماد صدیقی کی روانگی کے کاغذات جلد از جلد مکمل کرلیں جس کے بعد انہیں چند روز میں پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سانحہ بلدیہ کیس حماد صدیقی کا نام سرفہرست تھا، مقدمے کی کارروائی کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ حماد صدیقی اس مقدمے میں شامل ہیں لیکن وہ ملک سے باہر ہیں جس پر عدالت نے اس کیس میں حکومت کو احکامات دیے جس کے بعد حکومت نے انٹرپول کے ذریعے دنیا بھر میں حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کرائے۔انہوں نے بتایا کہ انٹرپول انہیں پاکستان کے حوالے کرے گی جہاں انہیں کراچی منتقل کرکے ان سے سانحہ بلدیہ کیس سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔میڈیا کے اینکر پرسن وسیم بادامی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس گرفتاری سے سانحہ بلدیہ کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوگی جب کہ لوگوں کا قانون پر اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ میں ایک ہی گھر سے سات سات لاشیں بھی اٹھی ہیں اگر ایسے کیس کی تحقیقات انجام تک نہ پہنچیں تو تف ہے ایسے نظام پر، آج یہ پیش رفت ہوئی ہے ضرور یہ معاملہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔