لاڑکانہ/ملتان/کشمور(یو این پی) سپر سیاسی سنڈے پر پیپلز پارٹی نے شہر شہر ریلیاں نکالیں۔ کارکنان نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور نامنظور کی صدائیں بلند کیں۔ملتان میں جیالوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران خوب نعرے لگائے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی پی پی کارکنوں نے احتجاج کیا۔وہاڑی میں بھی جیالے سڑکوں پر آئے۔ دھرنا دیا اور نعرے لگائے۔ سکھر میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ جیالوں نے فیصل آباد میں احتجاج کے دوران یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا جس سے شہریوں کو شدید تکلیف اٹھانا پڑی۔کشمور میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ ریلی بھی نکالی اور مہنگائی، حکومت اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دل کھول کر نعرے لگائے۔ لاڑکانہ میں جیالوں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔ بالخصوص خواتین نے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اور نعرے لگا کر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ملک کے دیگر شہروں میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔