اسلام آباد (یواین پی) ممتاز بھٹو کی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں پارٹیوں کے انضمام کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں سندھ نیشنل فرنٹ کے امیر بخش بھٹو اورپی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شرکت کی ، اس موقع پر دونوں پارٹیوں کے انضمام کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کی سیاست میں یہ ایک بڑا بریک تھرو ہے، پی ٹی آئی کی سندھ نیشنل فرنٹ کے ساتھ کچھ عرصے سے بات چیت چل رہی تھی جو آج انضمام کی صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی وفاق میں بہت اہمیت ہے ، لیاقت جتوئی ہمارے ساتھ شامل ہوئے تو ہم نے سندھ کی تاریخ کا بڑا جلسہ کیا ، نومبر کے مہینے میں ہی قوم کو ایک اور بڑی خبر سنائیں گے جس کے بعد 25 دسمبر کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔