کراچی (یواین پی) پی آئی اے کی نئی انتظامیہ میں بھی من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے، سی ای او کے پرسنل آفیسر بھی سرکاری خرچ پر دبئی ائیر شو میں شرکت کے لئے روانہ ہوگئے۔محمد عمران طحہ نامی کنٹریکٹ ملازم پی آئی اے کی پرواز پی کے 213 سے گذشتہ شب دبئی روانہ ہوا، مذکورہ پی ایس او دبئی ائیر شو میں پہلے سے موجود قومی ائیرلائن کے8رکنی وفد میں شامل ہوگا۔ائیرلائن کا وفد ائیرشو میں ائیرلائن میں درکار موزوں طیاروں کی ممکنہ خریداری کے لئے موجود ہے، وفد میں شامل دو سے تین افراد کے علاوہ دیگر ملازمین طیاروں کی خریداری پر مبنی ٹاسک سے غیر متعلق ہیں۔غیر متعلقہ افراد میں محمد طحہ کی صورت ایک اور اہلکار کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پی آئی کے وفد کے ارکان کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ سرکاری خرچ پر دبئی میں قیام کرنے والے محمد طحہ کو دو طرفہ ٹکٹ بھی بزنس کلاس کا جاری کیا گیا۔